
روسی صدر ولادیمیر پوتن کی جانب سے عیدالفطر کے موقع پر تہنیتی پیغام
ماہِ رمضان المبارک کے بابرکت اختتام پر، میں روس کے تمام مسلمانوں کو عید الفطر کی صمیمِ قلب سے مبارکباد پیش کرتا ہوں۔
یہ مبارک تہوار صدیوں سے اہلِ ایمان کے لیے اخلاقی رفعت، رحمت، خیر خواہی اور باہمی ہمدردی کا آئینہ دار رہا ہے، اور انہیں اسلامی اقدار کی لازوال روایات سے وابستہ رکھتا آیا ہے۔
روس کے مسلمان اپنے اسلاف کی تاریخی اور روحانی میراث کو نہایت عزت و احترام سے محفوظ رکھے ہوئے ہیں اور اس مبارک تہوار کو اپنی برادریوں اور خاندانوں میں خلوص و عقیدت کے ساتھ مناتے ہیں۔ ماہِ مقدس کے دوران وسیع پیمانے پر فلاحی، ثقافتی، تعلیمی اور بچوں کے لیے خصوصی تقریبات کا انعقاد ایک مستحسن اور پائیدار روایت بن چکا ہے۔
مسلم تنظیمیں خاندانی نظام کے استحکام اور نوجوان نسل کی مؤثر تربیت میں قابلِ قدر کردار ادا کر رہی ہیں۔ وہ ریاستی اور عوامی اداروں کے ساتھ تعمیری تعاون و مکالمے میں مصروف ہیں اور حب الوطنی، تعلیم و تربیت اور انسانی ہمدردی پر مبنی اقدامات میں پیہم سرگرمِ عمل رہتی ہیں۔
میں بالخصوص اُن پیروانِ اسلام کے لیے اپنے قلبی تشکر کا اظہار کرتا ہوں جو اپنے رفقائے کار کے ہمراہ روسی مادرِ وطن کی آزادی اور خودمختاری کے لیے بر سرِ پیکار ہیں، نیز اُن سب کے لیے بھی جو ہمارے جانبازوں کے اہلِ خانہ اور عزیزوں کی غم خواری اورپشت پناہی میں سرگرم ہیں ۔
میں آپ سب کے لیے صحتِ کاملہ، سرفرازی اور فلاح و بہبود کا خواہاں ہوں۔
ولادیمیر پوتن

اردو



















