
سفیر البرٹ خوریف کا پاکستان کے مسلمانوں کے نام عیدالفطر کا پیغام
میرے عزیز دوستو،
السلام علیکم، اہلِ پاکستان کو عید مبارک!
عید الفطر کے بابرکت موقع پر میں آپ کو اور آپ کے اہلِ خانہ کو دلی مبارک باد پیش کرتا ہوں۔
عیدالفطر ماہِ مقدس رمضان المبارک کے اختتام کا پُرمسرت دن ہے، یہ وہ مہینہ ہے جو صبر، ہمدردی اور تزکیۂ نفس کا درس دیتا ہے۔ یہ بابرکت موقع ہمیں اُن اعلیٰ صفات کی یاد دلاتا ہے جو دلوں کو ایک دوسرے سے جوڑتی ہیں، یعنی حسنِ سلوک، کشادہ دلی اور امید، اور یہی خوبیاں ہمیں مشکل ترین حالات میں بھی آگے بڑھنے کا حوصلہ دیتی ہیں۔
پاکستان اپنی ثقافتی رنگا رنگی، عزم اور قومی جذبے کے اعتبار سے ایک نمایاں ملک ہے۔ اس پُرمسرت موقع پر، جب آپ اپنے پیاروں کے ساتھ عید کی خوشیاں منا رہے ہیں، میری دعا ہے کہ یہ عید ملک کے ہر گھرانے کے لیے نئی امید، امن اور خوشحالی کا پیغام لے کر آئے۔
روس، پاکستان کے ساتھ اپنی دوستی کو بے حد قدر کی نگاہ سے دیکھتا ہے اور باہمی احترام اور مشترکہ ترقی کی امنگوں کی بنیاد پر اپنے تعاون کو مزید مستحکم بنانے کا خواہاں ہے۔
عید امید کا تہوار ہے۔ جیسا کہ معروف پاکستانی شاعر فیض احمد فیض نے نہایت خوبصورتی سے کہا ہے:
لمبی ہے غم کی شام مگر شام ہی تو ہے
دعا ہے کہ یہ عید ہم سب کے دلوں میں امید کی شمع روشن کرے، اتحاد کو مزید مضبوط بنائے، اور ہمیں ایک روشن تر مستقبل کی تعمیر کے لیے باہم مل کر آگے بڑھنے کا حوصلہ دے۔
عید مبارک، پاکستان!
اردو



















