
بلوچستان میں صحافت سے وابستہ افراد نے نہایت مشکل اور خطرناک حالات میں اپنی ذمہ داریاں نبھاتے ہوئے سچائی اور حق کی آواز بلند کی اور اسی جدوجہد میں کئی صحافیوں نے اپنی جانوں کا نذرانہ پیش کیا۔شہید صحافیوں کی قربانیاں تاریخ کا روشن اور ناقابلِ فراموش باب ہیں جنہیں ہمیشہ یاد رکھا جائے گا۔
انہوں نے کہا کہ شہید صحافیوں نے عوام کو باخبر رکھنے، حقائق کو بے نقاب کرنے اور مظلوم طبقات کی آواز دنیا تک پہنچانے میں کلیدی کردار ادا کیا۔ ان کی قربانیاں اس بات کا واضح ثبوت ہیں کہ صحافت محض ایک پیشہ نہیں بلکہ ایک مشن ہے جس کے ذریعے معاشرے میں انصاف، شفافیت اور احتساب کو فروغ دیا جاتا ہے۔انہوں نے کہا کہ بلوچستان میں صحافی برادری کو متعدد سنگین چیلنجز کا سامنا ہےجن میں سکیورٹی خدشات، مالی مشکلات، پیشہ ورانہ دباؤ اور محدود وسائل شامل ہیں۔ اس کے باوجود صحافیوں نے ہمیشہ جرأت، دیانتداری اور پیشہ ورانہ ذمہ داری کا مظاہرہ کیا ہے جو قابلِ تحسین ہے۔انہوں نے کہا کہ نیشنل پارٹی ہمیشہ آزاد، غیر جانبدار اور ذمہ دار صحافت کی علمبردار رہی ہے اور آئندہ بھی اسی اصول پر ثابت قدم رہے گی۔ آزاد صحافت کسی بھی جمہوری معاشرے کی بنیاد ہے اور صحافی عوام تک درست معلومات پہنچانے میں ریڑھ کی ہڈی کی حیثیت رکھتے ہیں۔انہوں نے حکومت سے مطالبہ کیا کہ شہید صحافیوں کے خاندانوں کی کفالت اور مالی معاونت کے لیے مستقل اور مؤثر پالیسی مرتب کی جائے جبکہ موجودہ صحافیوں کے تحفظ کو یقینی بنانے کے لیے ٹھوس اور عملی اقدامات کیے جائیں۔ انہوں نے کہا کہ صحافیوں کے خلاف جرائم میں ملوث عناصر کو قانون کے کٹہرے میں لانا اور انہیں قرار واقعی سزا دینا وقت کی اہم ضرورت ہے تاکہ مستقبل میں ایسے واقعات کی روک تھام ممکن ہو سکے۔انہوں نے کہا کہ آزادی صحافت کسی بھی جمہوری نظام کی بنیاد ہے اور اس کا تحفظ ریاست کی آئینی ذمہ داری ہے۔ اگر صحافی خود کو غیر محفوظ سمجھیں گے تو آزاد اور غیر جانبدار صحافت ممکن نہیں رہے گی جس سے جمہوری ڈھانچہ کمزور ہوگا۔انہوں نے کہا کہ نیشنل پارٹی ہر سطح پر صحافیوں کے حقوق، آزادی اظہار اور تحفظ کے لیے اپنی جدوجہد جاری رکھے گی

اردو















