@Sibtain Raza รีทวีตแล้ว

*پاکستان تحریک انصاف کا قائد عمران خان کی ممکنہ ہسپتال منتقلی اور صحت سے متعلق تشویشناک اطلاعات پر ردعمل*
پاکستان تحریک انصاف ان خبروں اور قیاس آرائیوں پر شدید تشویش کا اظہار کرتی ہے جن کے مطابق قائد عمران خان کو اُن کے خاندان کو اعتماد میں لیے بغیر علاج کی غرض سے خفیہ طور پر ہسپتال منتقل کیے جانے کی منصوبہ بندی کی جا رہی ہے، جو کہ نہ صرف بنیادی انسانی حقوق بلکہ مروجہ قانونی تقاضوں کی بھی کھلی خلاف ورزی ہے۔
اس حوالے سے پارٹی کا موقف واضح ہے کہ عمران خان کو ان کے خاندان اور معالجین کو مطلع کیے بغیر کسی بھی جگہ منتقل کرنا یا ان کی عدم موجودگی میں کسی بھی قسم کا طبی معائنہ یا علاج شروع کرنا آئینِ پاکستان اور جیل قوانین کی سنگین خلاف ورزی ہے۔ یہ عمل کسی صورت قبول نہیں کیا جائے گا۔
ہم سابق وزیراعظم کی صحت کے حوالے سے برتی جانے والی کسی بھی قسم کی رازداری کو مکمل طور پر مسترد کرتے ہیں۔ ماضی کی طرح ایک بار پھر حقائق چھپانا عمران خان کی صحت اور زندگی کو دانستہ طور پر خطرے میں ڈالنے کے مترادف ہے۔
ہم واضح کرتے ہیں کہ عمران خان صاحب کا ہر قسم کا طبی معائنہ اور علاج اُن کے ذاتی معالجین اور خاندان کے کم از کم کسی ایک فرد کی موجودگی میں فوری طور پر یقینی بنایا جائے۔ اس ضمن میں خاندان اور معالجین کی موجودگی کے بغیر کوئی بھی کارروائی ہر گز قبول نہیں کی جائے گی۔
مزید یہ کہ یہ عمل پارٹی کے تجویز کردہ معتبر ڈاکٹروں اور ہسپتال کی زیرِ نگرانی آزادانہ طور پر انجام دیا جانا ضروری ہے۔ کسی بھی خفیہ یا یکطرفہ اقدام کے نتائج کی تمام تر ذمہ داری حکومت پر عائد ہو گی۔
ہمیں اس امر پر شدید تکلیف ہے کہ دو دن گزر جانے کے باوجود سپریم کورٹ کی جانب سے ابھی تک تحریری احکامات جاری نہیں کیے گئے۔ ہمیں چیف جسٹس آف پاکستان سے قوی امید تھی کہ وہ انسانی ہمدردی کی بنیادوں پر فوری علاج کو یقینی بنانے کے لیے فی الفور احکامات صادر فرمائیں گے۔
بانی چیئرمین کے علاج معالجے میں اب تک برتی جانے والی تاخیر انتہائی افسوسناک اور غیر انسانی ہے۔ ہم مطالبہ کرتے ہیں کہ مزید وقت ضائع کیے بغیر ان کا علاج فوری طور پر شروع کیا جائے۔
ہم واضح کر دینا چاہتے ہیں کہ اگر عمران خان کی سلامتی یا صحت کو کوئی بھی نقصان پہنچا، تو اس کی تمام تر ذمہ داری موجودہ وفاقی اور صوبائی حکومت اور قابض انتظامیہ پر ہوگی۔
پی ٹی آئی موجودہ حکومت کو خبردار کرتی ہے کہ وہ اس معاملے میں مزید کسی بھی غیر آئینی اقدام سے باز رہے۔ بانی چیئرمین کی صحت کے معاملے پر ہر گز کوئی سمجھوتہ نہیں کیا جائے گا۔
جاری کردہ:
مرکزی شعبہ اطلاعات
پاکستان تحریک انصاف
اردو












