
وزیراعظم شہبازشریف پاکستان کے عوام اور پوری دنیا کوجواب دیں کہ اسرائیل نے ایران اورلبنان پرحملے کرکے جنگ بندی کی صریحاًخلاف ورزی کیوں کی؟ #CeasefireTooWeak لندن ۔۔9اپریل 2026ء متحدہ قومی موومنٹ کے بانی وقائد جناب الطاف حسین نےاسرائیل کی جانب سے لبنان اورایران پر حملوں کی شدیدمذمت کی ہے اور پاکستان کے وزیر اعظم میاں محمد شہباز شریف کو مخاطب کرتے ہوئےکہا ہے کہ ابھی امریکہ اورایران کے درمیان دوہفتے کی جنگ بندی معاہدے کوہوئے 24 گھنٹے بھی مکمل نہیں ہوئے تھےکہ اسرائیل نے گزشتہ روز یعنی 8 اپریل 2026ء کو لبنان پر ہوائی جہازوں اور میزائلوں کےذریعےخطرناک حملہ کیو ں کیا؟ اور ایران پر ڈرون حملہ کیوں کیا؟ اور جنگ بندی کی صریحاًخلاف ورزی کیوں کی ؟ جناب الطاف حسین نے کہا کہ وزیراعظم میاں شہباز شریف صاحب! آپ نے گزشتہ روزٹوئیٹ پر جاری کردہ اپنے بیان میں جنگ بندی کی تفصیلات بیان کرتے ہوئےصاف لکھا ہوا ہے کہ دو ہفتوں کی جنگ بند ی کے دوران کہیں پر بھی کسی قسم کا کوئی حملہ یا حملے نہیں کئے جائیں گے اوراس حوالےسے آپ کے بیان میں لبنان کا نام واضح طور پر موجود ہے۔اب جبکہ اسرائیل نے لبنان پر تابڑ توڑ حملےکئے ہیں جس کے نتیجے میں لبنان میں 250سے زائد افراد ہلاک اور سینکڑوں زخمی ہوگئے اور دوسری جانب ایران پربھی ڈرون حملہ کیا گیا ہے۔ وزیراعظم میاں محمد شہباز شریف صاحب ! اب دنیاکو اس کا جواب دینا آپ کی آئینی، قانونی اور اخلاقی ذمہ داری بنتی ہے۔ میں یہاں آپ کےبیان کا مکمل متن بھی پیش کررہا ہوں جس میں آپ نے جنگ بندی کا اعلان کرتے ہوئے بیان میں لبنان کا نام بھی صاف طور پر لکھا ہوا ہے۔ آپ اپنے بیان کی روشنی میں پاکستانی قوم اورپوری دنیا کے امن پسند عوام کو اسرائیل کی جانب سے جنگ بندی معاہدے کی صریحاً خلاف وزری پر کیا کہتے ہیں، پور ی دنیا کے امن پسند عوام اس پر آپ کے جواب کے منتظر ہیں ۔ وزیراعظم میاں محمدشہبازشریف صاحب ! آپ نے اسرائیل کی جانب سے جنگ بندی کی خلاف ورزی پر جوبیان جاری کیا ہے اس سے دنیا کے امن پسندعوام قطعی طورپر متفق نہیں ہیں کیونکہ اس میں کہیں بھی یہ ذکر نہیں ہے کہ سیزفائر کی خلاف ورزی صرف اسرائیل کی جانب سے کی گئی ہے ۔ میراسوال ہے کہ آپ نے جنگ بندی کی خلاف ورزی کرنے والے ملک کانام کیوں نہیں لیا؟ دنیا بھر کے امن پسندعوام آپ سے صاف صاف لفظوں میں جواب چاہتے ہیں۔ میں اسرائیل کی جانب سے جنگ بندی کی خلاف ورزی کرتے ہوئےلبنان پرکئے گئے حملے کی شدید مذمت کرتا ہوں جس میں 250 سے زائد شہری شہید اورسینکڑوں زخمی ہوئے۔ میں اس پرلبنان کے عوام سے دلی افسوس کااظہار کر تا ہوں۔

